ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / منگلورو: شرپسندوں نے دیوار پر لکھا دہشت گردوں کی حمایت والا پیغام۔ بدامنی پھیلانے کی سازش پر عوام میں تشویش 

منگلورو: شرپسندوں نے دیوار پر لکھا دہشت گردوں کی حمایت والا پیغام۔ بدامنی پھیلانے کی سازش پر عوام میں تشویش 

Sat, 28 Nov 2020 12:11:10    S.O. News Service

منگلورو 28؍ نومبر( ایس او نیوز) شہر کے بیجئی علاقے میں  واقع ایک اپارٹمنٹ کی دیوار پر نامعلوم شرپسندوں نے اسپرے پینٹ کے ذریعے دہشت گردوں کی حمایت والا پیغام لکھ ڈالا جس کی وجہ سے عوام میں تشویش پیدا ہوگئی ہے کہ کہیں یہ بدامنی پھیلانے کی سازش نہ ہو۔

2008 میں ممبئی حملے کی 12 ویں برسی کے موقع پر جمعہ کے دن علی الصبح جب یہ پیغام سڑک پر آنے جانے والوں نےدیکھا اور اس کی اطلاع کدری  پولیس اسٹیشن  کو  دی تو اس نے موقع پر پہنچ کر جائزہ اور کیس درج کرتے ہوئے فوراً اس  پیغام کو دیوار پر سے صاف کردیا۔ اسپرے پینٹ سے انگریزی میں لکھے گئے اس پیغام کا مفہوم یہ تھا  کہ ’سنگھیوں اور منو وادیوں سے نمٹنے کے لئے لشکر طیبہ اور طالبانیوں کو بلانے پر مجبور نہ کرو۔ لشکر  زندہ باد۔‘‘

منگلورو پولیس کمشنر وکاش کمار نے بتایا کہ دیوار پر جو پیغام لکھا گیا تھااس کی تحقیقات کرنے کے لئے ایک  خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی ہے اور وہ پوری گہرائی سے تفتیش کررہی ہے۔جس جگہ یہ پیغام لکھا گیا تھا وہاں اطراف میں سی سی ٹی وی کیمرے موجود ہیں، اس لئے پولیس ٹیم ان  کیمروں کے فوٹیج کی جانچ کررہی ہے کہ کسی کیمرے میں کوئی شاید کوئی سراغ ریکارڈ ہوگیا ہو۔

 بجرنگ دل اور وشواہندو پریشد کے کارکنان نے ایک طرف اس واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے احتجاجی مظاہرا کیا اور ملک دشمن سرگرمیوں میں ملوث افراد  کو فوراً گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا۔ تو  وہیں دوسری طرف ڈی وائی ایف آئی نے شرپسندوں کی طرف سے اس طرح کی حرکت انجام دینے پر بی جے پی انتظامیہ  کی ناکامی قرار دیا۔ ریاستی صدر مُنیر کاٹی پلیا نے اس طرح کی تحریر درج کرکے  پرامن فضا کو خراب کرنے کی کوشش کرنے والے سماج دشمن عناصروں  کو فوری گرفتار  کرکے اس طرح کی حرکت کے پیچھے کیا مقاصد کارفرما ہیں، اُسے بے نقاب کرنے کی مانگ کی۔پاپولر فرنٹ آف انڈیا اور ایس  ڈی پی آئی سمیت دیگر تنظیموں نے بھی اس طرح کی حرکت کی سخت مذمت کرتے ہوئے خاطیوں کو گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔


Share: